اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کابل میں دہشت گردحملے میں 12نیپالی شہریوں کی ہلاکت پردلی تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں نیپالی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق نیپال کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کمل تھاپا کے نام ایک خط میں مشیر خارجہ نے سرتاج عزیز نے 20جون کو کابل میں بارہ نیپالی شہریوں کی ہلاکت پردلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔مشیر خارجہ نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کوقتل کرنے کے بزدلانہ فعل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ہمارے عزم کو مزید پختہ کرلیا ہے۔