لاہور (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کا مفتی عبدالقوی کی پارٹی سے وابستگی کے حوالے سے تضاد سامنے آگیا ، پارٹی سے کسی بھی طرح کا تعلق نہ ہونے کے بعد رکنیت کی معطلی کا بیان سامنے آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق مفتی عبدالقوی کی ماڈل گرل قندیل بلوچ کے ساتھ ملاقات اور اسکی سیلفیاں سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے مفتی عبدالقوی کی وابستگی کے حوالے سے متضاد بیانات سامنے آئے تھے ۔ ترجمان کی طرف سے پہلے بیان سامنے آیا تھا کہ مفتی عبدالقوی کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ۔ ایک بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی علماء ونگ کے صدر مفتی سعید ہیں ،مفتی عبدالقوی کے پاس تحریک انصاف کی کوئی ذمہ داری نہیں اوروہ اپنے معاملات اورخیالا ت کے خود ذمہ دار ہیں۔ جبکہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے مفتی عبدالقوی کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے ۔