اسلام آباد (این این آئی ) 16 اگست 2013 کو گرفتار ہونیوالے سکندرکے کیس نے نیا رُخ اختیارکرلیا،ہوائی فائرنگ کے معمولی سے کیس کو تین سال گزر گئے،فیصلہ نہ آیا، انسداد دہشتگردی عدالت نے ناگزیر وجوہات پر بلیو ایریا فائرنگ کیس کا فیصلہ دوسری بار موخر کر دیا ۔ اسلام آباد کے معروف تجارتی مرکز بلیو ایریا میں فائرنگ کے ذریعے دہشت پھیلانے والے ملزم سکندر اور اس کی اہلیہ کنول کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے بلیو ایریا فائرنگ کیس کا فیصلہ سنانا تھا ، تاہم ناگزیر وجوہات کی بناء پر مقدمے کا فیصلہ دوسری بار موخر کر دیا گیا ۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی سکندر فائرنگ کیس کا فیصلہ پانچ جولائی کو سنائیں گے ، سکندر اور کنول کو بچے سمیت 16 اگست 2013 کو گرفتار کر کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا ، ملزم سکندر پر 8 جنوری 2014 کو فرد جرم عائد کی گئی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا تھا ۔ چالان کے مطابق ملزم سکندر اور اس کی بیوی کنول کو قصور وار ٹھہرایا گیا تھا ۔