اسلام آباد ( آئی این پی ) قومی اسمبلی میں ٹریکٹر ٹرالی کے بعد ٹرانسفارمر ٹرالی کا تذکرہ ، ایوان کا ماحول کشیدہ ہو گیا، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی جانب سے ٹرانسفارمر ٹرالی کے لفظ استعمال کرنے پر اپوزیشن کا احتجاج، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی معذرت نہ کرنے کی صورت میں فنانس بل پاس نہ کرنے دینے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء معاملات بگاڑ رہے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں وزارت پانی و بجلی کی کٹوتی کی تحاریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی جانب سے ٹرانسفارمر ٹرالی کے لفظ کے استعمال پر ایوان میں ماحول کشیدہ ہو گیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن انجینئر حامد الحق کھڑے ہو گئے اور کہا کہ یہ بدتمیزی ہے ایوان ہے یا اکھاڑہ ہے ۔ ان کے احتجاج پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کھڑے ہو کر کہا کہ حکومت اپنے لئے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے ۔ ہم معاملات کو سنبھال رہے ہیں اور حکومتی وزراء بگاڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت کو دھمکی دی کہ اگر عابد شیر علی نے معذرت نہ کی تو آج پھر فنانس بل نہیں پاس ہونے دیں گے ۔ عبدالقادر بلوچ نے عابد شیر علی کو کہا کہ معذرت کر لیں ۔ سپیکر ایاز صادق نے بھی درخواست کی کہ معذرت کریں اس پر عابد شیر علی نے کہا کہ اپوزیشن بنیجوں نے مجھ پر اور حکومتی وزراء پر ذاتی حملے کئے ہیں نہ الفاظ حذف کئے گئے اور نہ ہی کسی نے معذرت کی ۔ اسپیکر نے عابد شیر علی کو کہا کہ آپ معذرت کرلیں اس پر عابد شیر علی نے کہا کہ میں شاہ صاحب اور ان کے دوستوں سے اس دل آزاری پر معذرت کرتا ہوں ۔۔۔