اسلام آباد(آئی این پی)وزارت خارجہ کے مطالبات زر پر بحث کے دوران پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان اکیلا ہو گیا ہے، کیا ہمیں یہی خارجہ پالیسی لے کر جانا ہے، آج بھارت، ایران اور افغانستان اکٹھے ہو گئے ہیں، جن کی دوستی پاکستان کیلئے بہتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان خود کو جمہوری ملک کہتا ہے، مگر نو منتخب نمائندوں کو کچھ بتایانہیں جاتا، انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر گیٹ سے پہلے چیک پوسٹیں بنائی جائیں، ہمارے پاس چوائس نہیں کہ ہم صرف ایک ملک کی طرف دیکھیں، ہمیں کابل حکومت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا ہو گا، اس کے علاوہ ہمیں ایران کے ساتھ بھی اپنے تعلقات دوبارہ پرانے جیسے بنانے ہوں گے۔