اسلام آباد(این این آئی)رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو ،بڑا فیصلہ کرلیاگیا،پہلے کمیٹی کے ارکان کی تعداد 9 تھی جو اب بڑھ کر 26 ہوگئی ہے ،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے رکن عبدالقوی اورماڈل قندیل بلوچ کی تصاویر کے چرچے ہوتے رہے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹر حافظ حمد اللہ کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پہلے کمیٹی کے ارکان کی تعداد 9 تھی جو اب بڑھ کر 26 ہوگئی ہے جس پر راجا ظفرالحق نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان کی تعداد 26 ہوگئی لیکن پھربھی انہیں چاند نظرنہیں آتا۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیرمذہبی امورنے بتایا کہ کمیٹی میں مفتی عبد القوی بھی شامل ہیں، جس پرحافظ حمد اللہ نے طنزکرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالقوی وہی ہیں نا جن کی ماڈل قندیل بلوچ کے ساتھ تصویریں سوشل میڈیا پروائرل ہو چکی ہیں۔ مفتی کی ٹوپی خاتون نے سر پررکھ کر سیلفی بنائی، مفتی کو تو رمضان میں ہی عید کا چاند نظرآگیا ہے۔ اگرایسے شخص کو رویت ہلال کمیٹی میں رکھا ہوا ہے تو قندیل بلوچ کو بھی شامل کرلیں۔