اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی اجلاس میں وزیرخزانہ کی گھڑی کاتذکرہ منگل کو بھی جاری رہا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پرجاری بحث کے دوران گزشتہ روز اس وقت دلچسپ صورت حال پید اگئی جب مظفر گڑھ سے آزاد رکن اسمبلی جمشیددستی نے وزیرخزانہ پر الزام لگایاکہ غریبوں کی بات کرنے والے اسحاق ڈار نے 10 لاکھ روپے کی گھڑی پہنتے ہیں۔منگل کو اجلاس شروع ہواتو اسپیکر نے کہا گزشتہ روز گھڑی ہمیں ملی تھی ٗ یہ واپس کررہے ہیں وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاکہ جمشید دستی نے کہاتھا ڈار صاحب کی گھڑی 50 لاکھ روپے کی ہے، ایسی ہی باتیں وزیر اعظم کے بارے میں کی جاتی ہیں اب یہ گھڑی دستی صاحب رکھ لیں اورجمشید دستی 50 ہزار روپے کی خیرات کر دیں ۔اس پرجمشید دستی نے کہاکہ انہیں گھڑی کی قیمت کے بارے میں (ن )لیگ کی صفوں سے پتہ چلا تھا، رات کو ہو سکتا ہے گھڑی تبدیل ہو گئی ہو لیکن رات اس کی قیمت 3 لاکھ تک لگ گئی ہے اس پراسپیکر نے جمشیددستی کومخاطب کرکے کہاکہ آپ گھڑی رکھ لیں اور اڑھائی لاکھ بھی آپ کو بچ جائیں گے، ہمیں 50 ہزار جمع کرا دیں جو خیرات کرنا ہیں اس کے بعد اسپیکرنے گھڑی جمشید دستی کے حوالے کر دی۔