پشاور(این این آئی)شہرام ترکئی کے قریبی ساتھی صوبائی وزیرتعلیم عاطف خان نے اراکین اسمبلی کے بیچ جاکر بابرسلیم کو تھپڑرسید کردیا،ماہ مقدس میں بے ہودہ گالیوں کا بے دریغ استعمال،خیبرپختونخوا اسمبلی کابجٹ سیشن ایک بارپرہنگامہ آرائی کی نظرہوگیا،وزیر صحت شہرام ترکئی اور بابر سلیم کی ایک دوسرے پرحملہ کرنے کی کوشش دیگر اراکین نے ناکام بنادی،ایوان دو بارہنگامہ آرائی کا شکارہونے سے مچھلی منڈی بن گیا ۔منگل کے روزخیبرپختونخوا اسمبلی کااجلاس سپیکر اسدقیصر کی زیرصدارت منعقد ہوا خیبرپختونخوااسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران تحاریک کی کٹوتی پیش کی جارہی تھی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینئرصوبائی وزیر شہرام ترکئی کے خلاف جب بابرسلیم کی باری آئی توانہوں نے ایوان کوبتایاکہ جس طرح آئی ٹی کی وزارت اوروزیر420میں ملوث ہیں اسی لئے انہوں نے تحریک کی کٹوتی بھی420روپے کی ہی پیش کی ۔شہرام ترکئی یہ سنتے ہی آپے سے باہرہوگئے اور آستینیں چڑھاکر بابرسلیم کی جانب جانے لگے اسی دوران شہرام ترکئی کے چچا اور رکن صوبائی اسمبلی محمدعلی بھی بابرسلیم کی نشست کی جانب دوڑپڑے اراکین اسمبلی ان تینوں کے درمیان بیچ بچاؤکررہے تھے کہ شہرام ترکئی کے قریبی ساتھی صوبائی وزیرتعلیم عاطف خان نے اراکین اسمبلی کے بیچ جاکر بابرسلیم کو تھپڑرسید کردیاجس کے بعدتلخی میں مزیداضافہ ہوا اس دوران چاروں اراکین اسمبلی ایک دوسرے کوگالیاں دے رہے تھے اراکین اسمبلی نے بیچ بچاؤکی ہرممکن کوشش کی لیکن ایوان مچھلی منڈی میں تبدیل ہوگیاتاہم اس پوری صورتحال کے دوران وزیراعلیٰ خاموش بیٹھے رہے اس دوران کابینہ کے صوبائی ارکان علی امین گنڈاپور،قاسم خٹک اورکئی دیگراراکین نے بھی شہرام ترکئی کاساتھ دیتے ہوئے بابرسلیم کو لتاڑااور شہرام ترکئی کا ساتھ دیتے ہوئے بابرسلیم کو گالیوں پرگالیاں دیتے رہے۔اپوزیشن اراکین نے شہرام ترکئی کو ایوان سے لے جانے کی بہت کوشش کی لیکن انہوں نے باہرنہ جانے کی قسم کھارکھی تھی بعدمیں جب اپوزیشن اراکین بابرسلیم کوباہرلیکرجارہے تھے تو شہرام ترکئی اور ان کے چچا محمدعلی کے ساتھ صوبائی وزیرعاطف خان انکونہ صرف گالیاں دے رہے تھے بلکہ شہرام ترکئی نے انکوکہہ دیاکہ میں دیکھتاہوں تم صوابی میں قدم کیسے رکھتے ہو،تمھاری ٹانگیں توڑدونگابعدازاں وزیراعلیٰ کے کہنے پر شہرام ترکئی ،عاطف خان اور محمدعلی ایوان سے باہرچلے گئے۔واضح رہے کہ شہرام ترکئی اوربابرسلیم کے علاوہ محمدعلی کا تعلق صوابی سے ہی ہے اور تحریک انصاف میں ضم ہونے سے پہلے بابرسلیم شہرام ترکئی کی عوامی جمہوری اتحادسے تعلق رکھتے تھے اور ان دونوں اراکین کے مابین فنڈکی تقسیم کے حوالے سے ایوان میں ایک دوسرے پر کئی مرتبہ نکتہ چینی ہوئی ہے۔بابرسلیم عوامی جمہوری اتحاد کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کے شدیدمخالف تھے ۔