پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا میں چھوٹے پن بجلی منصوبہ میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ صوبے کے10 لاکھ لوگوں کو ایک سے دو روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرکے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے سستی بجلی کی پیداوار پر کام شروع کردیا ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں توانائی کے شعبہ میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی ہے۔ اس سرمایہ کاری سے صوبہ میں 666 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جو صوبے کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہو گی۔حکومت نے ملین مائیکرو پروجیکٹس نامی منصوبے کے تحت 356 منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے جن میں 53 پر کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر پر کام اسی سال مکمل ہوگا۔ نئی سرمایہ کاری سے صوبے کے لاکھوں لوگوں کو ایک سے دو روپے فی یونٹ بجلی میسر آئے گی۔حکومت کے مطابق خیبرپختونخوا میں چھوٹے پن بجلی منصوبوں سے 3700 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے جس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ حکومت چھوٹے منصوبوں سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرکے صوبے میں کافی حد تک بجلی کے بحران پر قابو پا لے گی۔