لاہور/اسلا م آباد(آئی این پی)ایف آئی اے نے ایران سے مبینہ دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار سرگودھا کی رہائشی خاتون کو تفتیش کے لئے اسلام آباد میں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق 42 سالہ مسرت بانو سیالکوٹ کی رہائشی ہے جو 1998میں اپنے خاوند اور بچوں کے ساتھ ضلع سرگودھا میں رہائش پذیر ہوئی۔خاتون نے مختلف اوقات میں ایران کے دینی مدارس سے تعلیم حاصل کی اور اس پر مبینہ طور پر دہشگردی کی تربیت حاصل کرنے کا الزام ہے۔بعدزاں اس نے سرگودھا میں مذہبی منافرت پھیلانے میں کردار ادا کیا جس کی وجہ سے سرگودھا میں اس کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج ہیں۔ ٹریول ریکارڈ کے مطابق مسرت بانو اکثر ایران سے پاکستان اور پاکستان سے ایران سفر کرتی رہی ہے، وہ آخری بار گزشتہ سال ایران سے پاکستان آئی۔ ایک روز قبل مسرت بانو ایران کی فضائی کمپنی تابان ائیر کی پرواز 6307 کے ذریعے مشہد سے لاہور پہنچی تھی، جہاں اسے ایف آئی اے نے گرفتار کرکے اسلام آباد منتقل کردیا۔