کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ اور آف شور کمپنیاں بنانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایف بی آر کے انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریوینو کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے اختیارات سونپ دیئے ہیں۔وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق انٹیلی جنس اینڈ ان لینڈ ریوینو کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت اختیارات دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کے خلاف اختیارات ملنے کے بعد ایف بی آر کا خصوصی یونٹ پاناما لیکس اور ایان علی کیس کی تفتیش بھی کرسکے گا۔انٹیلی جنس اینڈ ان لینڈ ریوینو ایف بی آر رقوم کی غیرقانونی طور پر بیرون ملک منتقلی اور آف شور کمپنیوں کے کیسز میں نیب اور ایف آئی اے کی معاونت بھی کریگا۔