اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہاہے کہ وزیرداخلہ ملک میں موجود تیس لاکھ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ملک میں تیس لاکھ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہاکہ ہم شروع سے ہی افغان مہاجرین کی پاکستان میں آمد کے خلاف تھے۔ انہوں نے کہاکہ افغان مہاجرین ملک میں دہشت گردی کے واقعات سمیت مختلف سنگین جرائم میں ملوث ہیں ان کو باعزت طورپر وطن واپس بھیجاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کامشکل وقت میں ساتھ دیا، اب ہماری بارڈر چیک پوسٹوں پر فائرنگ افسوسناک ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے قربانیاں دیں اور کامیابیاں حاصل کی ہیں عالمی برادری کو پاکستانی قربانیوں کااعتراف کر ناچاہیے ۔