اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 کے حوالے سے انتخابی عذرداری کے مقدمہ میں الیکشن کمیشن کو حلقے کے تین پولنگ اسٹیشنز کا انتخابی مواد نادرا کو بھیجنے کا حکم دیدیا۔ پیرکو چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے حکام نے پیش ہوکو عدالت کو بتایا کہ جن 29پولنگ اسٹیشنز کا ریکارڈ نہیں مل رہاتھا ان میں سے 26 پولنگ اسٹیشنوں کا ریکارڈمل گیا ہے جبکہ مزید تین پولنگ اسٹیشنز کا ریکارڈ تلاش کرنے کیلئے ڈی جی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جوریکارڈ کے حوالے سے کام کررہی ہے۔ سماعت کے دوران وزیردفاع خواجہ آصف کے وکیل نے بتایا کہ ہم خود اس معاملے کو جلد ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ کسی کو شکایت نہ ہو ۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ جوریکارڈ مل گیاہے وہ صوبائی اسمبلیوں کے تھیلوں میں سے نکلا ہے جسے نادرا کو بھیج دیا گیاہے جس پرعدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ مزید 3 پولنگ اسٹیشنز کا انتخابی مواد ملتے ہی اسے بھی نادرا کو بھیج دیاجائے جس کی رپورٹ کی روشنی میں عدالت آگے بڑھے گی۔ بعد ازاں مزید سماعت جولائی کے چوتھے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔