اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اورپاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے وبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت انسپکٹر یاسین بھٹہ نے تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہو سکی۔عدالت نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایک بار پھر عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور پولیس کو عدالتی احکامات پر تعمیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ 2014میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے اسلام آباد دھرنے میں مشتعل مظاہرین نے حملہ کرکے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کو زخمی کردیا تھا۔