اسلام آباد (این این آئی)جمہوریت کی کارکردگی کا جائزہ لینے والے ادارے پلڈاٹ نے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر صوبائی اسمبلیوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پلڈاٹ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب اسمبلی ارکان کی حاضری سے متعلق کم ترین سطح پر رہی جہاں حاضری کی شرح صرف 13 فیصد رہی۔ رپورٹ کے مطابق نجی بل کے معاملے پر سندھ اسمبلی سرفہرست رہی جہاں 9 بل پیش کئے گئے ٗ پنجاب اور کے پی میں ایک، ایک بل پیش کیا گیا اور بلوچستان کی کرکردگی صفر رہی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزرائے اعلیٰ کی حاضری سے متعلق شہباز شریف کی ایوان میں حاضری سب سے کم صرف 5 فیصد رہی ٗ وزیراعلیٰ بلوچستان کی حاضری کا تناسب سب سے زیادہ 59 فیصد رہا۔ بل منظور کرنے کے حوالے سے بھی پنجاب اسمبلی سب سے آگے رہی جہاں 46 بل منظور کئے گئے جبکہ سندھ اسمبلی نے 28، بلوچستان نے 23 اور کے پی کے نے 18 بل منظور کئے۔