اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو تبدیل کروانے کے لئے پیپلزپارٹی کے اہم رہنما سرگرم ہوگئے ،پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خورشید شاہ کی جگہ فریال تالپور کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی سفارش کردی ۔اتوار کو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز یہاں ایک افطار پارٹی کی تقریب یں موجود پیپلز پارٹی کے ایک سابق مرکزی وزیر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پارٹی کے بعض اہم رہنماؤں کی جانب سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو تبدیل کر کے فریال تالپور کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا جائے ۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی حکومت سے دوستی کی باتیں پیپلز پارٹی کے ڈرائنگ رومز میں کی جاتی تھیں مگر کسی رہنما کی جانب سے کسی تقریب میں خورشید شاہ کے حوالے سے بات نہیں کی جاتی تھی مگر اب پیپلز پارٹی والوں نے افطار پارٹی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے حوالے سے خود گفتگو کرنا شروع کر دی ہے ۔