کراچی(این این آئی)سندھ اسمبلی میں بجٹ کی منظوری تک پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کوبیرون ملک جانے سے روک دیا گیاہے،عمرے اورعلاج معالجے کے لیے بیرون ملک جانے کی تیاری کرنے والے ارکان نے 18رمضان المبارک تک اجلاس ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سندھ اسمبلی میں نئے مالی سال 17-2016 کے بجٹ کی منظوری کے باعث کئی ارکان سندھ اسمبلی بیرون ملک جانے سے روکے جانے پرمشکلات کا شکارہوگئے ہیں۔پیپلزپارٹی نے اپنے ارکان اسمبلی کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ بجٹ کی منظوری تک وہ ملک سے باہرنہ جائیں،رمضان المبارک میں بجٹ اجلاس کی وجہ سے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک جانے کے لیے بے تاب ارکان سندھ اسمبلی پریشان ہیں۔پیپلزپارٹی کے 2درجن سے زائد ارکان سندھ اسمبلی رمضان المبارک کا آخری عشرہ حجازمقدس میں گزارنے کے خواہشمند جبکہ بعض ارکان اسمبلی کوعلاج معالجے کے لیے بیرون ملک جانا ہے۔پی پی ارکان سندھ اسمبلی نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ اجلاس 18 رمضان المبارک سے قبل ختم کرایا جائے تاکہ وہ عمرے کی سعادت کے لیے حجازمقدس جاسکیں۔