لاہور (این این آئی )صوبائی دارالحکومت کے علاقہ اسلامپور کے ہوٹل سے دو ہفتے قبل پر اسرار طور پر لا پتہ ہونے والے 7سالہ بچے کی لاش ہو ٹل کے گٹر سے برآمد ہو گئی ،پولیس نے لا ش پوسٹمارٹم کیلئے بھجوا کر تحقیقات شروع کر دیں ،ورثاء نے میو ہسپتال کے ڈیڈ ہاؤس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس واقعے میں ہوٹل انتظامیہ کے لوگ ہی ملوث ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ سات سالہ حسین اپنے والدین کے ہمراہ دوہفتے قبل شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے اسلامپورہ میں واقع ہوٹل میں آیا تھا ۔ والدین کھانا کھا رہے تھے کہ بچہ پر اسرارطورپر لا پتہ ہو گیا ۔ تھانہ اسلامپورہ نے والدین کی مدعیت میں بچے کے اغوا ء کامقدمہ ہو ٹل انتظامیہ کے خلاف درج کرایا تھا ۔گزشتہ روز ہو ٹل کے گٹر سے ہی بچے کی لاش برآمد ہو گئی ۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے ۔ پولیس کے مطابق بچے کی لاش پو سٹمارٹم کیلئے بھجوا دی ہے تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ بچے کو تشدد کر کے گٹر میں پھینکا گیا ہے یا بچہ حادثاتی طورپر گٹر میں گرا ہے۔اطلاع ملنے پر بچے کے والدین اور دیگر رشتہ دار بھی میو ہسپتال کے ڈیڈ ہاؤس کے باہر پہنچ گئے اور احتجاج کیا ۔ بچے کے والد کا کہنا تھاکہ اس اندوہناک واقعہ میں ہوتل انتظامیہ کے لوگ ملوث ہیں ۔