کراچی(این این آئی) کراچی کی مقامی عدالت میں مقدمے کیلئے آئے ہوئے دو گروپوں میں تصادم خواتین اور مردوں ہاتھا پائی اور لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال ، پولیس کی مداخلت کے بعد معاملہ سلجھا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں ملزم کبیر عرف راجو کو شناختی پریڈ کیلئے پیش کیا گیا تھا ملزم پر الزام تھا کہ اس نے 8 سالہ بچی مریم کے ساتھ زیادتی کی تھی، ملزم کو بچی نے عدالت میں شناخت کرلیا تھا جبکہ ملزم کے خلاف 164 کا بیان ریکارڈ کیا جانا تھا، شناختی پریڈ کے بعد ملزم اور مدعی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو کہ جھگڑے کی صورت اختیار کرگئی ، مدعی زبیر کی جانب سے ملزمان کے اہلخانہ پر لاتوں اور مکوں کی بارش کردی گئی جبکہ سٹی کورٹ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جھگڑا چھڑایا اور دونوں فریقین سے درخواستیں وصول کرلیں ، ایس ایچ او سٹی کورٹ کا کہنا تھا کہ جھگڑے کی تحقیقات کر رہے ہیں ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، واضح رہے کہ ملزم کبیر عرف راجو کے خلاف 8 سالہ بچی مریم کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ تھانہ زمان ٹان میں درج کیا گیا تھا۔