کراچی (این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم )کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل امریکا میں3 ماہ علاج کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ انہوں نے اسلام آباد میں کسی سے ملاقات نہیں کی، ان کے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔رشید گوڈیل نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انہیں علاج کے دوسرے مرحلے کیلئے 20 سے 24 اگست کی تاریخ دی ہے، مالی مسائل کی وجہ سے ان کیلئے امریکا میں رک کر انتظار کرنا ممکن نہیں تھا اس لیے وہ وطن واپس آگئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امریکا میں علاج کیلئے انہوں نے کراچی کے علاقے بہادرآباد میں واقع اپنا فلیٹ فروخت کردیا تھا، کراچی میں اب ان کے پاس رہائش کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، اس لیے اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز میں ٹھہراہواہوں۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل گزشتہ سال 18 اگست کی دوپہر بہادرآباد میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔