اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں عمران خان اور شیخ رشید کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ پر بیرونی اثاثوں کا الزام لگانے والے اگر ثابت کر دیں تو مستعفی ہو جاؤں گا، جو بھی غلط اعداد و شمار یا الزامات لگائے گا اسے عدالت میں لے کر جاؤں گا، عمران خان میرے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں تو ان کا بھی فرانزک آڈٹ ہو گا، پاکستان کے مجھ پر احسان ہیں اور احسانوں کا بدلہ چکا رہا ہے۔ وہ ہفتہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دے رہے تھے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مجھ پر بلا جواز اور بے مقصد تنقید اور الزام لگانے والوں کو عدالت میں لے کر جاؤں گا، شیخ رشید مجھ پر بیرونی اثاثوں کا الزام لگاتے ہیں ، ایک روپے کے بھی اثاثے ثابت کر دیں تو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں، میں خود کو فرانزک آڈٹ کیلئے پیش کرتا ہوں مگر عمران خان کا بھی فرانزک آڈٹ ہو گا، ملک کے مجھ سے احسان ہیں اور ان احسانوں کا بدلہ چکانے کیلئے یہاں موجود ہوں، کشکول کی دیگ موجودہ حکومت نہیں بنائی۔