دھیر کوٹ (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنے انتخابی منشور کے ایک ایک لفظ پر عمل کر کے آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں جنت نظیر بنائے گی، ٹکٹوں کے حوالے سے جو فیصلہ ہوا ہے سب نے خوشدلی سے قبول کیا ہے، میرپور اور مظفر آباد کو ایکسپریس وے کے ذریعے جوڑا جائے گا، 5سال میںآزاد جموں و کشمیر میں 50ارب روپے کی سڑکیں بنائی جائیں گی، آزاد کشمیر میں جن ساتھیوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن)میں شمولیت اختیار کی ان کو خوش آمدید کہتاہوں اورمبارکباد دیتا ہوں۔جمعہ کو دھیرکوٹ کی مختلف سیاسی جماعتوں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے اراکین کے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس اور پی پی کی حکومتیں برسراقتدار رہیں مگر ان کی قیادت نہیں بتا سکتی کہ آزاد کشمیر کے عوام کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کا عوام کا معیار زندگی کو بلند کرنے کے اقدامات گن کر بتا سکتا ہوں، پہلی دفعہ حکومت آئی تو ملک کے عوام کو جدید سہولتوں سے آشنا کیا جبکہ اس سے قبل ٹیلی فون کنکشن لینے کیلئے سالہا سال انتظار کرنا پڑتا تھا، ایک شہر سے دوسرے شہر میں جانے کیلئے سڑک نہیں تھی، نواز شریف نے پہلی دفعہ موٹروے بنائی اور ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے انتخابی منشور کے ایک ایک لفظ پر عمل کر کے آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں جنت نظیر بنائے گی۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ میرپور اور مظفر آباد کو ایکسپریس وے کے ذریعے جوڑا جائے گا، 5سال میںآزاد جموں و کشمیر میں 50ارب روپے کی سڑکیں بنائی جائیں گی جبکہ میڈیکل کی سہولت کی فراہمی کیلئے 5ائرایمبولینس ہیلی کاپٹر ہمہ وقت دستیاب ہوں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں کارکنوں میں کوئی تفریق نہیں، سب پارٹی کی آن ہیں۔ ٹکٹوں کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ میں مشاورت میں جو فیصلے ہوئے تمام لوگوں نے اسے خوش دلی سے قبول کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ساتھیوں نے کرپٹ لوگوں کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ان کو خوش آمدید کہتا ہوں اور مبارکباد دیتا ہوں۔ادھر ساٹھ سال سے گھنٹہ گھر کی سیاست ہورہی ہے، دھیرکوٹ کے عوام کو گھنٹہ گھر کی سیاست سے آزاد کرانا ہمارا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ کرپشن کنگ اور اقتدار کے پجاری ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو کمزور کیا اور کشمیریوں کو ان کی منزل سے دور کیا۔ ہم سب کی جنگ اس استحصالی ٹولہ کے خلاف ہے،21جولائی کا دن کرپشن کے بتوں اور اقتدار کے پجاریوں کی پکڑ کا دن ہے۔