لاہور ( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں لاہور رنگ روڈ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ فیز III کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سدرن لوپ فیزI اور فیز II پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے اوردونوں فیزوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 22.4 کلومیٹرطویل سدرن لوپ میں 6انٹرچینجز بنائے جائیں گے جبکہ انٹری پوائنٹس پر 10 وے سٹیشن بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے سدرن لوپ پر ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سڑک کے دونوں جانب بھرپور اندار میں شجر کاری ضروری ہے ۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ سدرن لوپ فیز III پر کام کے آغاز کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کی کور کیپسٹی بڑھانا بھی ضروری ہے ۔کمشنر لاہور ڈویژن نے لاہور رنگ روڈ کونسل کے مختلف اموربارے بریفنگ دی۔چیئرمین وزیر اعلی ٹاسک فورس برائے اطلاعات و کلچر محمد مالک،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری خزانہ، ڈی جی پی ایچ اے اور لاہور رنگ روڈ کونسل کے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔