اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم نے (پی ایچ اے ایف) کی جانب سے چند سینئر بیوروکریٹس کو ایگزیکٹیو اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کو معطل کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے بجلی و پانی کے وفاقی سیکریٹری یونس داگا کو اس تحقیقات کے لیے انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہے۔خیال رہے کہ پی ایچ اے ایف نے اخبارات میں اشتہارات دیئے بغیر اسلام آباد کے سیکٹر G۔10 ،G۔11 اور کری روڈ میں 350 اپارٹمنٹس کی ‘خفیہ قرعہ اندازی’کی تھی۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ انکوائری لیٹر میں وزیراعظم کے سیکریٹری فواد حسن فواد کے دستخط بھی موجود ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فواد حسن فواد بھی ان خوش قسمت بیوروکریٹس میں شامل ہیں جو خفیہ قرعہ اندازی کے بعد کروڑوں روپے کے پلاٹس کے مالک بن گئے ۔البتہ سینئر حکام کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے ایف نے اپارٹمنٹ کے لیے درخواست جمع کرائے بغیر وزیر اعظم کے سیکریٹری کا فواد حسن فواد نام شامل کیا انکوائری لیٹر کے مطابق کئی سرکاری ملازمین کو ان خوش نصیب بیورو کریٹس کی فہرست میں شامل کیا گیا جنہوں نے ان اپارٹمنٹس کے لیے درخواست ہی جمع نہیں کروائی تھی۔وزیر اعظم نے انکوائری آفیسر کو 21 جون تک پی ایچ اے ایف کی جانب سے خفیہ قرعہ اندازی کے خلاف تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ پیش کرنیکا حکم دیا، تحقیقات مکمل ہونے تک بیوروکریٹس کی الاٹمنٹ معطل رہیں گی۔