لندن(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق افغان صدرحامد کرزئی نے لندن میں وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کی اوران کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے طورخم سرحد پر کشیدگی کم کرنے اورمسئلہ فوری طورپر حل کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا،میڈیارپورٹس کے مطابق جمعرات کی رات سابق افغان صدرحامد کرزئی نے جمعرات کی رات لندن میں وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کی اوران کی جلد صحت یابی کی دعاکی،افغان رہنماء نے اپنے سرکاری فیس بک پیج پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اورافغانستان کے درمیان زیادہ رابطوں اوراچھے تعلقات پر زور دیا ،یادرہے کہ حامد کرزئی لندن میں ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود ہیں اس سے پہلے ایک اوربیان میں حامد کرزئی نے پاکستان اورافغانستان کے فوجیوں کے درمیان فائرنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلے کو جلد ازجلد سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زوردیا،انہوں نے کہاکہ پاکستان اورافغانستان پڑوسی ملک ہیں اوردونوں کے درمیان لڑائی جانی ومالی نقصان کا سبب بنتا ہے ،انہوں نے افغانوں پر زور دیا کہ و ہ اپنے فوجیوں کے ساتھ اپنے ملک کے دفاع کے لیے کھڑے ہوں۔