گوجرانوالہ (این این آئی)گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں بٹرانوالی میں پسند کی شادی کرنے پر ماں نے اپنی ہی بیٹی کو ذبح کردیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق بٹرانوالی کی 21 سالہ مقدس نے 3 سال قبل اپنے ہی محلے کے توفیق نامی نوجوان سے شادی کی تھی جس پر اس کے گھر والوں کو اس پر رنج تھا۔ جمعرات کی دوپہر مقدس اپنے محلے کے قریبی بس سٹاپ پر کھڑی تھی کہ اسی وقت اس کی ماں آگئی اور مقتولہ کو بھائیوں سے صلح کرانے کے بہانے اپنے گھر لے گئی ۔ ایس پی سول لائن ندیم کھوکھر کے مطابق ماں نے مقدس کی چھوٹی بہن صدف کے ساتھ مل کر اس پر شدید تشدد کیا اور فرش پر لٹا لیا ۔ مقدس کی چھوٹی بہن صدف نے اس کے ہاتھ پکڑے ٗ اس کی ماں نے بڑی بے دردی سے اس کا گلا کاٹ دیا ۔ اہل محلہ نے چیخ و پکار کی آواز سن کرپولیس کو اطلاع دی تاہم پولیس جب پہنچی تو ملزمہ اپنے گھر کو تالے لگا کر فرار ہوچکی تھی۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی ۔واضح رہے کہ لاہور کے علاقے والٹن روڈ فیکٹری ایریا میں29 مئی کو پسند کی شادی کرنے والی زینت نامی لڑکی کو اسی کی ماں نے 3 جون کو زندہ جلادیا تھا۔