کراچی (این این آئی) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ٹی وی چینلز کو رمضان ٹرانسمیشن کی آڑ میں غیر اسلامی و غیر اخلاقی مواد نشر کرنے کا نوٹس لینے اور جرمانہ کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ مبارک کے تقدس کی پامالی کرنے والے تمام چینلز کے خلاف ایکشن لینا چاہیے اور نہ صرف جرمانے بلکہ پابندیاں بھی عائد ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی غیر ذمہ داری کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے عبادتوں کے مہینے کو عکاظ کا میلہ بنا کر رکھ دیا ہے۔ سحر افطار کے قیمتی لمحات میں عوام کو لعب و لعو میں الجھاکر رکھ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اہل علم اور درد دل رکھنے والے حضرات میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے، پیمرا کو اپنی ذمہ داری کا پاس کرتے ہوئے ان نشریات اور میزبانوں پر پابندی عائد کرنی چاہئے تاکہ لوگ ماہ صیام کو اس کی روح کے مطابق گزار سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور اور سیکرٹری اطلاعات صائمہ افتخار سے ملاقات کے موقع پر کیا۔