کابل /اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زاخیلوال نے طورخم سرحد پر گیٹ کی تعمیر جاری رکھنے پر پاکستان کو سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کو سفارتی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے معاہدے کے باوجود پاکستانی فورسز کی جانب سے طورخم سرحد پر گیٹ کی تعمیرکا کام نہیں روکا گیا ،پاکستانی فوجی قیادت کو خط بھیج دیا ہے ، پاکستان کسی بھی نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا۔جمعرات کو افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کے مطابق عمر زاخیلوال نے فیس بک پر اپنے پیج پر پوسٹ ایک آن لائن بیان میں کہا ہے کہ گیٹ کی تعمیر کے کام کو روکنے اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کے معاہدے کے باوجود پاکستانی فورسز کی جانب سے طورخم سرحد پر گیٹ کی تعمیرکا کام نہیں روکا گیا ہے ۔زخیل وال نے مزید کہا کہ پاکستانی فوجی وفد کے ساتھ طورخم سرحد پر سیز فائر،مسئلے پر اعلی سطح کے مذاکرات،اعلی سطح کے وفد کی طرف سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے او مسئلے کے حل تک تعمیراتی کام روکنے کے حوالے سے معاہدہ ہوا تھا۔افغان سفیر کا کہنا تھاکہ مسئلے کے بارے میں پاکستانی فوجی قیادت کو ایک خط بھیجا گیا ہے ۔زخیلوال نے خبردار کیا کہ پاکستان کسی بھی نتائج کا ذمہ دار ہوگا۔اگر تنازعہ کی تفصیلات جاری کرنے پر مجبور کیا جائے گا تو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کو جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہوگی ۔واضح رہے کہ پاک افغان طور خم سرحد پر گیٹ کی تعمیر پر پاکستان اور افغانستان کی سرحدی فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی تھیں۔