آستانہ/اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور قازقستان نے فوجی تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں ۔ جمعہ کو وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے قازقستان کے وزیر دفاع تسماگمبیتووایما نگلی نورگلیوچ کے ساتھ ملاقات کی‘ دونوں وزراء نے برادر اسلامی ملکوں کے تعلقات کا شاندار الفاظ میں ذکر کیا اور پاکستان، قازقستان کے درمیان فوجی تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے۔میجر جنرل طارق غفور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار، قازقستان میں پاکستان کے سفیرعبدالسالک خان اور بریگیڈیئر شاہد جواد خان دفاعی اتاشی ملاقات میں موجود تھے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین قازقستان دفاعی نمائش (کاڈیکس۔2016) میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ قازقستان کے داراحکومت آستانہ میں2جون سے شروع ہونے والی یہ دفاعی نمائش 5 جون 2016ء تک جاری رہے گی۔ وزیر دفاعی پیداوار نے علاقائی استحکام میں قازقستان کے کردار کو سراہا اور شنگھائی تعاون تنظیم، ایشیائی اعتماد سازی اور اسلامی تعاون تنظیم میں قازقستان کے کردارکی تعریف کی۔ قازقستان کے وزیر دفاع تسماگمبیتووایما نگلی نورگلیوچ نے جنوبی ایشیاء میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ فوجی تکنیکی تعاون کا معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی اور تکنیکی تعاون میں وسعت کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاڈیکس سنٹرل ایشیائی اسلحہ کی سب سے بڑی نمائشوں میں سے ایک ہے جو ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 35 ملکوں اور تنظیموں کے 300 نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے قازقستان کے وزیر دفاع کو کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی اور انہیں اور فوجی قیادت کو آئیڈیاز 2016ء میں شرکت کی دعوت دی ہے جو پاکستان میں اسی سال نومبر میں منعقد ہو گی۔