اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ سیشن میں معاشی اہداف کی ناکامی پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ جمعہ کو قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیر صدارت ان کے چیمبر میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی شیریں مزاری،اے این پی کے غلا م احمد بلور،ایم کیو ایم کے خالد مقبول اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید ،سینٹ قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن ،صاحبزادہ طارق اللہ و دیگر بھی شریک تھے۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر غورکیا گیا۔اس دوران خورشید شاہ نے کہاکہ حکومت کی بات سنیں گے اور اپنا موقف بھی پیش کریں گے۔خورشید شاہ نے کہا کہ اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بجٹ عوام دوست نہیں ہے۔خورشید شاہ نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسر کالا باغ ڈیم کیلئے مہم کیوں چلا رہے ہیں؟کالا باغ ڈیم اور این ایف سی کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔متحدہ اپوزیشن نے کہاہے کہ معاشی اہداف کی ناکامی پر حکومت پر کڑی تنقید کی جائے گی ۔