اسلام آباد (این این آئی )ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم محمد نواز شریف پیرکو کابینہ اور این ای سی کی میٹنگ سے وڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرینگے ۔ وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف پیر 30 مئی کی دوپہر کو وڈیو لنک کے ذریعے این ای سی اور کیبنٹ میٹنگ کی صدارت کرینگے ۔ وزیراعظم پاکستان ہائی کمیشن لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے ان اجلاسوں سے خطاب کرینگے ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات کے مطابق قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کے اجلاس بالترتیب شام سوا پانچ بجے اور شام ساڑھے چھ بجے ہوں گے۔ قومی اقتصادی کونسل مجوزہ سالانہ ترقیاتی منصوبہ اور سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لے گی، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2016-17ء کیلئے بجٹ کا جائزہ اور منظوری دی جائے گی۔واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف علاج کیلئے برطانیہ میں ہیں اور منگل کو انکی اوپن ہارٹ سرجری ہو گی ۔ ذرائع کے مطابق سرجری کے بعد وزیراعظم ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق لندن میں قیام کرینگے اور جونہی ڈاکٹر ان کو سفر کی اجازت دینگے وہ وطن واپس آئیں گے ۔