لاس اینجلس(این این آئی) امریکی اخبار نے کہا ہے کہ اقتصادی راہ داری کوبھارت براہ راست چیلنج سمجھتا ہے ٗ بھارتی اسٹریٹجک منصوبہ ساز چینی بحریہ کی طرف سے گوادر میں بیس قائم کرنے پر پریشان ہیں ٗ آزادکشمیر میں چینی منصوبوں پر بھی بھارت نے واویلا مچا رکھا ہے۔امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے لکھا کہ بھارت کو گوادر میں چینی ورکروں کی حفاطت کیلئے پاک فوج کے2ہزار جوانوں کی تعیناتی پر بھی تشویش ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کو یہ پریشانی بھی کھائے جا رہی ہے کہ چین اپنے منصوبوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاکستانی فوج پر زیادہ انحصار کرے گا،تجزیہ کار یہ بھی کہتے ہیں کہ ایران کی چابہار بندرگاہ میں 50 کروڑ ڈالر کی بھارتی سرمایا کاری گودار کا جواب ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایا کاری کے منصوبوں پر چینی سرکاری بینکوں اور صنعتوں نے کام شروع کردیا ہے ٗآئندہ دو برسوں میں چین کے14پاور پلانٹ پاکستان میں 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے جس سے توانائی کے بحران میں کمی آئیگی۔