کراچی (این این آئی)وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف جواب جمع کرادیاگیاہے ۔جمعہ کو وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے جواب جمع کروادیا گیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ اقبالی گوا ہ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے وزیر اعظم ہاؤس جا کر ٹڈاپ کیس میں 50 لاکھ روپے دینے کی ڈیل کی تھی ۔ یوسف رضا گیلانی کو 36 مقدمات میں نامزد کیاگیا ہے اور تمام مقدمات کا چالان وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔ اقبالی گواہ وزیر اعظم کے سابق ڈپٹی سیکریٹری نے اعتراف کیا ہے کہ 50 لاکھ روپے سابق وزیر اعظم کے ذاتی اکاونٹ میں جمع کروائے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ ٹڈاپ کیس میں فریڈ سبسڈی کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی تھی جبکہ اس حوالے سے ایف آئی اے کی جانب سے 84 مقدمات درج کئے گئے تھے ۔