اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی نادرا بارے پریس کانفرنس اور شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق نے پوری قوم کیلئے مشکلات پیدا کر دیں۔وزیر داخلہ نے 6 مرحلوں میں ملک میں جاری تمام کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کی تصدیق کے احکامات جاری کر دیئے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 6 ماہ کے اندر تمام شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پہلے ہی پاکستانیوں کیلئے پوری دنیا میں مشکلات کم نہیں۔ اب پاسپورٹ اور ویزوں کے سلسلے میں پوری دنیا پاکستانیوں کے بارے میں شک میں مبتلا ہو گئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب عوام کا وزیر داخلہ کے احکامات پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ چند افراد کی غلطیوں کی سزا پوری قوم کو کیوںدی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ کے ان احکامات سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مجروح ہوگا۔