ساہیوال(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹٹر سراج الحق نے ٹرین مارچ سلسلہ میں ساہیوال ریلوے اسٹیشن پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اگر جماعت اسلامی کی حکومت آگئی تو وہ تمام سرکاری زمینیں بے زمین مزار عین میں تقسیم کر دے گی اور غریب کے بچے کو بھی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کا حق دے گی ۔ انہوں نے اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ارکان کی تنخواہیں بڑھانے پر حکومت پر شدید نکتہ چینی کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اسی طرح اضافہ کرے جس شرح سے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے اگر حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کیاتو جماعت اسلامی سرکاری ملازمین کے تنخواہوں میں اضافہ کے لیے احتجاج کریگی اور ملازمین کے احتجاجی مظاہروں اور جلسوں میں شرکت بھی کریگی اور حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک اور ٹرین مارچ کامیاب ہوگا امیر جماعت اسلامی جب ساہیوال ریلوے اسٹیشن پر پہنچے تو جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنوں نے امیر جماعت اسلامی ضلع ساہیوال رحمت اﷲ وٹو ، ڈاکٹر طاہر سراج، محمد عاشق، محمداویس تارڈ اور طیب بلوچ کسان ونگ کے صدر کی قیادت میں والہانہ استقبال کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔