ببک ٹاپ(این این آئی)وادی شوال میں آپریشن ضرب عضب کا آخری مرحلہ مکمل کرنے کے بعد پاک فوج نے اپنی توجہ آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد (آئی ڈی پیز) کی واپسی پر مرکوز کرلی اور ان افراد کی واپسی رواں سال دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی۔افغان سرحد کے قریب ببک ٹاپ پر پاک فوج کے بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر شبیر ناریجو کے مطابق شمالی و جنوبی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے 80 فیصد افراد ستمبر تک اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں گے ٗ زیرو لائن تک کا تمام علاقہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور 312 کلو میٹر تک کا علاقہ کلیئر کرالیا گیا ٗجس کے بعد پاک فوج کی توجہ علاقے کے انفرااسٹرکچر، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزگار پر مرکوز ہے۔لیفٹیننٹ کرنل عمران کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی علاقوں میں واپسی دسمبر تک مکمل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کے علاوہ علاقے میں 149 مساجد بھی تعمیر کی جائیں گی۔