پشاور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو ہر چیز سے نوازا ہے، خیبر پختونخوا میں گیس کے اتنے ذخائر موجود ہیں کہ کسی دوسرے ملک سے معاہدے کی ضرورت نہیں۔پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو ہر چیز سے نوازا ہے، خیبر پختونخوا میں گیس کے اتنے ذخائر موجود ہیں کہ کسی دوسرے ملک سے معاہدے کی ضرورت نہیں، پانی کی تلاش کے لئے کنواں کھودا تو گیس نکل آئی، سوچیں کہ خیبر پختونخوا میں کتنی گیس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میٹرو بسوں پر 200 ارب روپے خرچ کرنے کے بجائے نئے ذخائر دریافت کرنے پر توجہ دے، بلوچستان اور سندھ میں گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں بڑھ رہے ہیں، پختونخواہ میں 6 اور مقامات پر گیس نکل رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ توانائی کا بحران ہے اور خیبر پختونخوا میں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، پختونخوا میں موجود گیس کے ذخائر سے سستی بجلی حاصل کر کے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے، امریکی کمپنی یہاں 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہے۔