اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا میں سیاسی جماعتیں مشکل میں پڑ گئیں۔ضمنی بلدیاتی انتخابات میں غیرمسلموں کی نشستوں کے لئے امیدوار چراغ لے کر ڈھوندنے سے بھی نہ ملے۔ 21 فروری کو ہونے والے انتخابات میں 3ہزار 50 نشستوں میں سے 3ہزار 13 نشستیں خالی رہ جائیں گی۔جنگ رپورٹر آسیہ انصرکے مطابق 21 فروری کو خیبر پختون خوا میں 4 ہزار 4 سو 95 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ہونا ہیں جن میں غیر مسلموں کی نشستیں 3 ہزار 50 ہیں اور صورتحال یہ ہےکہ سیاسی جماعتوں کے پاس ان نشستوں کیلئے امیدوار تک موجود نہیں۔ صرف 33 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے جبکہ 4 انتخابی میدان میں ہیں۔باقی رہ جانے والی 3 ہزار 13 نشستوں کیلئے نہ تو سیاسی جماعتوں کو امیدوار ملے نہ ہی آزاد امیدوار سامنے آئے۔یوں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی امیدوار نہ ہونے کے باعث ویلیج اور نیبرہڈ کونسلز میں غیرمسلموں کی 3 ہزار 13 نشستیں ایک بار پھرخالی رہ جائیں گی۔