اسلام آباد(نیوز ڈیسک)غالباًیہ پہلی دفعہ کاواقعہ ہے کہ تھائی لینڈمیں ہونے والی ”کوبراگولڈ“نامی ایشیا کی سب سے بڑی کثیر الملکی فوجی مشقوں میں جن میں 8ہزار564فوجیوں میں شامل پاکستانی اوربھارتی فوجی کاندھے سےکاندھے ملا رہے ہوں گے۔جنگ رپورٹر ماریانہ بابر کے مطابق تھائی لینڈ کے ساتھ چین،امریکا،انڈونیشیا،جاپان ،ملائیشیا، سنگاپور اورجنوبی کوریابھی ان مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ بھارت کو ان مشقوں میں بطور”مبصر“کی حیثیت حاصل ہے۔ان ملکوں میں سے کوئی بھی ملک قدرتی آفات خواہ یہ سیلاب ہوں،زلزلے یا دیگرآفات سے کی تباہ کاریوں سے محفوظ نہیں ہے۔خاص طورپر اسی مقصد کی وجہ سے ان ملکوں کے یہ مسلح دستے کوبراگولڈنامی ان فوجی مشقوں میں باہمی ربط پیداکریں گے جبکہ اس فوجی مشق کا مرکزی خیال بھی انسانی بہبوداورتباہ حالی میں امدادبتایا گیا ہے۔حال ہی میں پاکستان اوربھارت نے یمن میں انسانی بہبودکے طورپر ایک دوسرے کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔پاکستان کے دفترخارجہ یا مسلح افواج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آرکی جانب سے ایسا کچھ نہیں بتایا گیا کہ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی ان 35ویں کوبراگولڈنامی مشترکہ فوجی مشقوں ،جو اختتام کے قریب ہے،میں شریک پاکستانی فوجیوں کی تعدادکتنی ہے اوران کا کردارکیا ہے۔تھائی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ ان مشقوں کی افتتاحی تقریب منگل کی صبح صوبہ چون بوری کے ضلع سٹاہپ میں واقع رائل تھائی میرین کورکے مقام پر منعقدکی گئی تھی۔