لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے میئر کے امیدوار خواجہ احمد حسان کے خلاف درخواست کونا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار پی ٹی آئی کے زبیر نیازی کی طرف سے موقف اپنایا گیا کہ خواجہ احمد حسان سرکاری عہدے پر فائز رہے ہیں اور سرکاری عہدے پر فائز رہنے والے کوئی عہدیدار دو برس تک انتخاب نہیں لڑ سکتا۔ خواجہ احمد حسان نے دو برس کی معیاد مکمل ہونے سے قبل ہی انتخاب لڑا او ریوسی 107سے چیئرمین منتخب ہوئے ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ خواجہ احمد حسان کو نااہل قرار دیا جائے۔خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ لف نہ کرنے پر ہائی کورٹ نے اعتراض عائد کیا تھا۔جسٹس خالد محمود خان نے درخواست پرہائیکورٹ آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔