کراچی(نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ 15 روز اپنی آمدورفت میں انتہائی احتیاط سے کام لیں اور اپنی ضروری ادویات اور روزمرہ استعما ل کی اشیا کا ذخیرہ کرلیں۔ایم کیوایم کی جانب سے جاری کئے گئے بیان نے سنسنی پھیلادی ،بیان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کا مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر غور وخوض کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم نے اپنی 38 سالہ جدوجہد کے دوران جو پیش گوئیاں کیں وہ ایک ایک کرکے سچ ثابت ہوتی رہی ہیں۔ ایم کیوایم نے کراچی میں طالبائزیشن اور پھر داعش کے خطرے سے ملک بھرکے عوام کو پیشگی آگاہ کردیا تھا لیکن ارباب اقتدار واختیار کی جانب سے ان کا مذاق اڑایا گیا۔اجلاس میں مزید کہاگیا کہ آج پاکستان کے ہر حصے میں طالبانائزیشن ، داعش اور کالعدم جہادی تنظیموں کی موجودگی اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ ان باتوں کو دانستہ نظرانداز کیا گیا جس کا نقصان ملک وقوم کو اٹھانا پڑا۔ا۔ رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں متفقہ طور پر طے کیاگیا کہ ملک وقوم کے لئے آئندہ 15 روز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ 15 روز اپنی آمدورفت میں انتہائی احتیاط سے کام لیں، 15 روز کے لئے اپنی ضروری ادویات اور روزمرہ استعما ل کی اشیا کا ذخیرہ کرلیں۔