کراچی(نیوزڈیسک)سابق صدر آصف زرداری نے اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری کو بااختیار بنا دیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی اب پارٹی امور چلانے کیلئے اپنی ٹیم بنا سکیں گے۔ جلد چاروں صوبوں کی تنظیموں میں تبدیلی کیلئے سینئر قائدین سے مشاورت کا آغاز کریں گے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران اپنے والد آصف زرداری سے پارٹی امور پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں میں چاروں صوبوں میں پارٹی کی تنظیم نو کا اصولی اتفاق ہوا اور آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو پارٹی امور چلانے کیلئے اپنی ٹیم بنانے کا مکمل اختیار دے دیا۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری امریکہ سے دبئی پہنچ گئے۔ وہ چند روز میں پاکستان واپس آئیں گے اور امکان ہے کہ وہ دبئی سے براہ راست اسلام آباد جائیں گے جہاں پر پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کا آغاز کریں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اس کے بعد پورے ملک کا دورہ کریں گے۔ چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے تنظیمی عہدیداروں کے علاوہ پارٹی کارکنوں سے بھی ملیں گے۔ ملاقات میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ تنظیمی تبدیلی کے حوالے سے تمام اہم فیصلے باقاعدہ مشاورت سے کئے جائیں گے۔