اسلام آباد(این این آئی)نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حکومت نے نیب کے ہاتھ باندھنے کے لئے نئے قانون میں اعلی سطح کا نگران بورڈ بنانے کی تجویز پر غور شروع کردیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے نیب کے ہاتھ باندھنے کے لئے نئے قانون میں ایسا نگران بورڈ بنانے کی تجویز پر غور شروع کردیا جو نیب کی کارروائیوں کی نگرانی کرےگا جب کہ سینئر بیورو کریٹس اور ارکان پارلیمنٹ کے خلاف شکایات آنے کی صورت میں پہلے بورڈ کے سامنے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے یعنی کسی بھی رکن پارلیمنٹ یا سینئر افسر کے خلاف کارروائی سے قبل نیب کو اس حوالے سے نگراں بورڈ کو آگاہ کرنا ہوگا۔دوسری جانب نیب قوانین میں تبدیلیاں کرنے کے لئے کام شروع کردیا گیا اور اس حوالے سے نیب قوانین میں تبدیلیاں لاءریویو کمیٹی میں بھی زیرغور آئیں جس کی سربراہی وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کی۔ اس موقع پر تجویز پیش کی گئی کہ انوسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کو الگ کیا جائے اور کیس پراسیکیوشن میں لے جانے کا فیصلہ کرنے والی الگ باڈی بنائی جائے۔