لاہور(نیوز ڈیسک)گلشن راوی میں نمک سے بھرا ٹرک الٹنے سے 2خواتین اور بچہ جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہناہے کہ حادثہ تیزی سے موڑ کاٹنے سے پیش آیا۔لاہور میں بند روڈ پر نمک سے بھرا ٹرک راوی پل سے چوک یتیم خانہ کی طرف جارہا تھا کہ گلشن راوی کے نزدیک موڑ کاٹتے ہوئے ٹرک کا ایک ٹائر پھٹ گیا جس سے ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں سڑک کنارے کھڑی 3 خواتین اور ایک بچہ ٹرک کے نیچے دب گیا۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر نمک ہٹا کر دبے ہوئے افراد کو بچانے کی کوشش کی لیکن کرین بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے دو خواتین اور بچہ دم توڑ گیا جبکہ ایک خاتون کو زخمی حالت میں میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق ساندہ کی رہائشی انیلہ اپنے بھائی کو ملنے جارہی تھی کہ ٹرک کی زد میں آگئی۔ٹرک ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔گلشن راوی پولیس نے مردان کے ٹرک کے مالکان کی تلاش شروع کردی ہے۔