لندن (نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کو اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام نے ان کا پاسپورٹ واپس کردیا ہے جس کے بعد وہ اب کسی بھی ملک جا سکتے ہیں جبکہ اُن کے اعلان کے مطابق ان کی پاکستان آمد کی راہ میں ‘واحد رکاوٹ’ بھی دور ہو گئی ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے مطابق الطاف حسین کو برطانوی پولیس کی جانب سے پاسپورٹ واپس کر دیا گیا ہے، لندن میں جاری منی لانڈرنگ کیس کے الزامات کی تفتیش کے سلسلے میں ان کا پاسپورٹ پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا، تاہم رواں ماہ 2 فروری کو الطاف حسین پر پولیس ضمانت کی پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد ان پر عائد سفری پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم کے کراچی میں مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپہمار کر نیٹو کا اسلحہ برآمد کرنے سمیت متعدد جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا، اس چھاپے کے بعد ایک انٹرویو میں الطاف حسن نے پاکستان واپسی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا پاسپورٹ برطانوی پولیس کے پاس ہے اور پاسپورٹ ملتے ہی وہ پاکستان واپس آجائیں گے۔ الطاف حسین نے اپنے اعلان میں کہا تھا کہ وہ پارٹی کے لیے پریشان ہیں اور پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں، پارٹی کے لیے وطن واپس آنے کا رسک لینا پڑے گا۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں لندن میں انسداد دہشت گردی کے یونٹ نے الطاف حسین کے دفتر پر دو سال قبل 5 دسمبر 2013 کو پولیس اینڈ کرمنل ایویڈنس ایکٹ کے تحت چھاپے کے دوران ان کے دفتر سے نقد رقم برآمد کی تھی، اس رقم کی برآمدگی کے بعد ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا اور جون 2014 میں الطاف حسین کو باقاعدہ گرفتار کیا گیا، الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری پر کراچی کے مختلف علاقوں میں بسوں، منی بسوں اور ایمبولینسوں سمیت 13 گاڑیوں اور 5 چنگچی رکشوں کو آگ لگا دی گئی تھی جبکہ شہر میں کاروبار زندگی معطل ہو گیا تھا.
واضح رہے کہ الطاف حسین نے 1992 میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرلی تھی اور وہ گزشتہ 24 سال سے برطانیہ سے کراچی میں اپنی پارٹی متحدہ قومی موومنٹ کو کنٹرول کررہے ہیں.
پاسپورٹ مل گیا ‘الطاف حسین واپسی کےلئے بے چین
17
فروری 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں