لاہور(نیوز ڈیسک) استنبول کے میئر ڈاکٹر قادر توپباش نے لاہورمیں بھرپور اورمصروف دن گزارا، لاہوری نان چنے ،حلوہ پوری اور لسی کا لطف اٹھایا اوربے اختیار کہہ اٹھے، یوں لگتا ہے اپنے گھر میں ہوں۔ لاہورکے مقامی ہوٹل میں اے ٹیکسی سروس کی تعارفی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میئراستنبول قادرتوپباش اور وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ کا کہناتھاکہ پہلے مرحلے میں 100 اے ٹیکسیاں متعارف کرائی جارہی ہیں۔میئر استنبول قادرتوپباش نے ایچی سن کالج کادورہ بھی کیا۔ معزز مہمان اور ان کے وفد کو دلکش بگھیوں پر بٹھا کر پنڈال میں لایا گیا۔ قادرتوپباش نے کالج میں ثقافتی نمائش اور نیزہ بازی کا شاندارہ مظاہرہ دیکھا۔اس سے قبل قادر توپباش نے ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعلیٰ پنجاب کیساتھ ناشتہ کیا۔ معزز مہمان کو لاہوری نان چنے،حلوہ پوری اور لسی کے علاوہ ترک پکوان بھی پیش کیے گئے۔قادر توپباش کا کہناتھاکہ لاہور میں بھرپوراپنائیت محسوس ہو رہی ہے،یوں لگتا ہے اپنے ہی گھر میں ہوں، ملاقات کے بعد میئر استنبول،چیئرمین ایل ٹی سی خواجہ احمد حسان ہمراہ اتفاق اسٹیشن سے میٹرو بس پر سوار ہوئی اور آزادی چوک تک شہر کا نظارہ کیا۔