لاہور(نیوز ڈیسک)اعلیٰ سرکاری افسر کے صاحبزادے نے وی آئی پی موومنٹ کے دوران سڑک سے گاڑی ہٹانے کا کہنے پر ٹریفک وارڈ ن کو تشدد کر کے زخمی کر دیا۔ بتایاگیا ہے کہ گلبرگ کے علاقہ حفیظ سنٹر کے قریب تعینات ٹریفک وارڈن سعد نے سبز نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار نوجوان کو وی آئی پی موومنٹ کے باعث سڑک سے گاڑی کو ہٹا کر پارکنگ میں کھڑی کرنے کےلئے کہا ۔ تاہم کار سوار نوجوان نے گاڑی ہٹانے کی بجائے گالم گلوچ کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن پر تشدد شروع کر دیا جس سے اس کے منہ سے خون بہنا شروع ہو گیا ۔اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جنہوںنے نوجوان کو تھانے منتقل کر دیا ۔ بتایاگیا ہے کہ ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والا نوجوان علمدار شاہ گنگا رام ہسپتال کے ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر وقار کا صاحبزادہ ہے اور اطلاع ملنے پر ڈاکٹر وقار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ ٹریفک وارڈن نے نوجوان کےخلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دیدی ہے۔