گوجرانوالہ (نیوز ڈیسک ) پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں نادرا آفس کے باہر خاتون کی ہلاکت پر چیئرمین نادرا کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔ مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ گوجرانوالہ میں شیخوپورہ روڈ پر واقع نادراآفس کے باہر شناختی کارڈ کے لیے ہونے والی دھکم پیل کے دوران پیش آیا ۔ ہلاک ہونے والی 55سالہ خاتون کے لواحقین کا کہنا ہے کہ بزرگ عورت صبح 4بجے سے لائن میں کھڑی تھیں۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ نادرا حکام پیسے لے کر اندر جانے کی اجازت دے رہے تھے ۔ میڈیا سے کو تفصیلات بتانے پر نادرا آفس کے سیکیورٹی عملے نے عینی شاہدین کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔