لاہور(نیوز ڈیسک)پی آئی اے کے اندرون اوربیرون ملک موجودہوٹلز کی فروخت کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں جلد سماعت کی درخواست دائر کر دی گئی۔بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائرجلد سماعت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے نجکاری کے نام پر اربوں ڈالر کے قومی اثاثے فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ پی آئی اے کے ہوٹلوں کی فروخت کے لئے قومی اسمبلی سے منظوری حاصل نہیں لی گئی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لندن اور نیو یارک میں موجود اٹھارہ ارب ڈالر مالیت کے ہوٹلز کو بارہ ارب روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ پیرس میں موجود سکرائب ہوٹل اور کراچی میں موجود پی آئی اے کے سکائی وے ہوٹل کو بھی اونے پونے فروخت کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کے پاس پی آئی اے کے اربوں ڈالر مالیتی ہوٹلز کی فروخت کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں۔ عدالت ان ہوٹلز کی فروخت روکنے کے احکامات صادر کرئے۔معامہ حساس اہم قومی نوعیت کا ہونے کے باعث کیس کی جلد سماعت بھی جائے۔