راولپنڈی(نیوز ڈیسک) غیر ملکی سفارتخانے کی لینڈ کروزرنے غریب محنت کش کو کچل دیا۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق سڑک کراس کرتے ہوئے غیر ملکی سفارتخانے کی لینڈ کروزر نے تلہ گنگ کے رہائشی شکیل احمد نامی محنت کش کو کچل دیا۔ سفارتخانے کا عملہ زخمی شخص کو وفاقی دارالحکومت کے ایک نجی ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ محنت کش کے اہل خانہ نے بتایا کہ نجی ہسپتال نے شکیل احمد کودی جانے والی ابتدائی طبی امداد کا بل 5 لاکھ روپے بنادیا ہے اور انتظامیہ کا کہنا ہے خواہ زمین بیچو یا زیور ہمیں بل چاہیے۔ اہل خانہ نے مزید بتایا کہ پولیس بھی کسی قسم کی کارروائی سے گریزاں ہے اور پولیس کا ایک اعلیٰ عہدیدار معاملے کو رفع دفع کرانے کیلئے متحرک ہوچکا ہے۔واضح رہے کہ 2012 میں لاہور میں امریکی سفارتکار ریمنڈ ڈیوس نے دن دیہاڑے 2 افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا جس کے بعد اسے گرفتار تو کرلیا گیا تھا تاہم حکومت نے اسے مکمل تحفظ فراہم کیا اور لواحقین کو زبردستی دیت کی رقم دے کر ریمنڈ ڈیوس کو بچا لیا تھا۔ شکیل کے معاملے میں بھی وہی تاریخ دہرائے جانے کے امکانات نظر آرہے ہیں